مظفر آباد(اے ایف بی )آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی 9 جون کو احتجاج کی کال کے پیش نظر حکومت نے ریاست میں ہفتہ کے روز سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی۔

حکومت نے آزاد کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے، سروسز 12 جون تک بند رہیں گی، سیاحت و دیگر مقاصد کیلئے آنے والے افراد کے لیے بھی حکومت آزاد کشمیر نے ایڈوائزری جاری کر دی، اور کہا کہ 20 جون تک آزاد کشمیر کے سفر سے گریز کیا جائے۔

احتجاجی کال کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے 1500 سے زائد افسران و اہلکاروں پر مشتمل فورس آزاد کشمیر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ 38 میں سے 35 مطالبات تسلیم ہونے کے بعد بھی احتجاج پر اصرار عوامی مفاد نہیں بلکہ سیاسی ضد ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مذاکرات کے ساتھ 9 جون کو ہڑتال اور لانگ مارچ کا اعلان کر ر کھا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *