ہم سب مل کر ٹیکس کے نظام کو بہتر بنائیں گے ، رانا ثنا اللہ

ہم سب مل کر ٹیکس کے نظام کو بہتر بنائیں گے ، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد ۔۔وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر ٹیکس کے نظام کو بہتر بنائیں گے ۔وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگریال، تاجروں اور صرافہ کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تاجروں کی شکایات، ٹیکس نیٹ میں تاجروں کی رجسٹریشن اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ چیئرمین ایف بی آر اور وزیر خزانہ کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے تاکہ تاجروں کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزارت خزانہ عوام اور تاجروں کے اقتصادی مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہے اور ایف بی آر بھی ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے صرافہ کے نمائندوں کی شکایات بھی سنی، جنہوں نے سونا کی تجارت کو ریگولیٹ کرنے اور غیر دستاویزی جواہرات کی خرید و فروخت پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تاجروں کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے کیونکہ ٹیکس کی وصولی سے ہمارا ملک ترقی کرے گا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے کاروبار کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شعبہ ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنی نہیں ہوگا اور کاروبار میں آسانی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے اپنے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ملے۔ ٹیکس ادا کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں