پیپلز پارٹی، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کا شکریہ کہ انہوں نے پابندی کی بات کو مسترد کیا،گفتگو
لاہور.تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا صوبے میں نفرت پھیلانے کے مترداف ہوگا، پی ٹی آئی پر پابندی بہت بڑی غلطی ہوگی۔لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے، عدالت سے مودبانہ گزارش ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک اور عوامی تحریک پر پابندی لگا کر کیا حاصل ہوا تھا، پی ٹی آئی پر پابندی بھی بہت بڑی غلطی ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کا شکریہ کہ انہوں نے پابندی کی بات کو مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام جماعتیں سندھ میں پانی کے مسئلے پر احتجاج کر رہی ہیں، تمام جماعتوں کو ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف کارروائی سے آزادی صحافت کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، مسلم لیگ ن کے رہنما خود کہہ رہے ہیں کہ یہ غلط ہوا ہے۔