پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے لیے تجارتی مرکز بنے گا،جام کمال خان

پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے لیے تجارتی مرکز بنے گا،جام کمال خان

دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں تجارت کو مزید آسان بنائیں گی،تاجکستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ جلد ہوگا، وفاقی وزیر
اسلام آباد .وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے لیے تجارتی مرکز بنے گا،تاجکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں پاکستان۔تاجکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا، بزنس فورمز تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے لیے پاکستانی مصنوعات بہترین معیار کی ہیں، پاکستانی صنعت اعلیٰ معیار کے انجینئرنگ سامان، ٹیکسٹائل اور سرجیکل آلات تیار کر رہی ہے، ہماری آئی ٹی برآمدات عالمی سطح پر نمایاں ہو رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی شعبے کو ترقی دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں تجارت کو مزید آسان بنائیں گی،تاجکستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ جلد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں تاجک درآمدات کے لیے بہترین سہولت فراہم کر سکتی ہیں، وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی میلوں میں شرکت کو آسان بنائیں گے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ معیشت کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، افراط زر میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور خصوصی سرمایہ کاری کونسل غیر ملکی سرمایہ کاروں کی رہنمائی کر رہی ہے۔ جام کمال نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت خطے میں تجارت کے لیے مثالی ہے، ہم تاجکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون مزید مستحکم کریں گے، پاکستان تاجکستان کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیش کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا فورم دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کے لیے اہم ہے ، اس طرح کے بزنس ٹو بزنس فورمز کو تسلسل کے ساتھ چلتے رہنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں