1 1

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیربرائے کھیل وامورنوجوانان کا دورہ جامعہ

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیربرائے کھیل وامورنوجوانان کا دورہ جامعہ تربت،نوجوانوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار
تربت،وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیربرائے کھیل و امورِ نوجوانان میڈم مینا مجید نے گزشتہ دنوں جامعہ تربت کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ملاقات کرنے کے علاوہ ڈینز، ڈائریکٹرز اورمختلف ٹیچنگ اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ ایک تعمیری گفتگو میں شرکت کی جس میں نوجوانوں کی ترقی، بلوچستان میں اعلی تعلیم کے فروغ اورجامعات کو درپیش مالی مشکلات سمیت دیگرچیلنجز اور ان کے مجوزہ حل کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا ۔پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ان مشکلات کو حل کرنے کے لیے ان کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ادارے کی علمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔جامعہ تربت کو درپیش مالی اوردیگرمشکلات کو حل کرنے کے لئے میڈم مینا مجید نے وائس چانسلر ڈاکٹرگل حسن کی سربراہی میں یونیورسٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ طلباء کے تعلیمی اور ایکسپوژر دوروں کے لیے صوبائی حکومت سے فنڈز کے حصول کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے نوجوانوں کے لیے سہولیات کومزید بہتر بنانے اور جامعہ تربت میں آئندہ اسپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے۔اس موقع پر صوبائی مشیرمیڈم مینا مجید نے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر، انسٹی ٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچراور سنٹرل لائبریری سمیت یونیورسٹی کے مختلف حصے دیکھے، اور طلباء وطالبات سے بات چیت کی اور ان کے تعلیمی تجربات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں