ریاض،،یٹ فلکس کی مشہور سیریز ’سکوئڈ گیم‘ کے ’پنک گارڈز‘ نے سعودی عرب میں ہلچل مچا دی ہے۔ جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں نے ان نقاب پوش کرداروں کو بیگیج کلیم اور انٹری گیٹ پر منظم انداز میں حرکت کرتے دیکھا، جس سے ایئرپورٹ کا ماحول پرجوش اور پراسرار ہو گیا۔
’ سکوئڈ گیم‘ کے دوسرے سیزن کی عالمی ریلیز 26 دسمبر کو متوقع ہے اور اس سے قبل ’پنک گارڈز‘ سعودی عرب کے مختلف مقامات کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا سفر 11 دسمبر کو تاریخی علاقے ’البلد‘ سے شروع ہوا، پھر 12 دسمبر کو ’العلاء‘، 17 دسمبر کو ’ابہا‘، 19 دسمبر کو ’الخبر‘، اور آخر میں 20 دسمبر کو ’بولیوارڈ ورلڈ‘ میں اختتام پذیر ہوا۔
ریاض کے ’یو واک مال‘ میں 11 اور 12 دسمبر کو مداحوں کو ’سکوئڈ گیم‘ کی دنیا میں مفت شرکت کا موقع ملا جہاں انہوں نے مختلف کھیلوں کا تجربہ کیا۔
سوشل میڈیا پر ’پنک گارڈز‘ کی سعودی عرب میں موجودگی کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جہاں مداح ان کے ساتھ تصاویر کھنچوا رہے ہیں اور اس منفرد تجربے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
’ سکوئڈ گیم‘ سیزن 2 کی عالمی ریلیز 26 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ہوگی۔ مداح بے صبری سے نئے کھیلوں کی اس کہانی کے منتظر ہیں۔