تفتان (جہان امروز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)امیگریشن نے تفتان بارڈر پر ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، ایران سے پاکستان آنے والے ایک مسافر کی امیگریشن چیکنگ کے دوران اس کا پاسپورٹ جعلی پایا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزم کی شناخت محمد رضا کے نام سے ہوئی ہے جس نے جعلی پاسپورٹ کے ذریعے سرحد پار کرنے کی کوشش کی۔
امیگریشن عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کے لیے اسے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی سیکورٹی اور امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے استعمال کو روکا جا سکے۔
