نیپا کے زیر تربیت افسران کا سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ: آئی جی بلوچستان کی اہم بریفنگ
کوئٹہ(جہا ن امروز )نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کے زیر تربیت افسران کے ایک وفد نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ کیا
جہاں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے انہیں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران افسران کو پولیس کے آپریشنل طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگاہ کیا گیا۔
آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے وفد کو بتایا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کے 1139 سے زائد افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں “بی” ایریا کے “اے” ایریا میں انضمام کے بعد اصلاحاتی عمل میں تیزی لائی گئی ہے اور سابقہ لیویز کے جوانوں کو پولیس میں شامل کر کے انہیں جدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔
بریفنگ کے دوران آئی جی پولیس نے واضح کیا کہ اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مہم جاری ہے تاکہ صوبے میں امن کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنایا جا سکے۔ زیر تربیت افسران کو سینٹرل پولیس آفس میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا معائنہ بھی کروایا گیا جہاں انہیں مانیٹرنگ اور ریسپانس سسٹم کے بارے میں بتایا گیا۔ دورے کے اختتام پر آئی جی پولیس محمد طاہر اور ڈی جی نیپا کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔
