چمن (جہان امروز ) پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ اور سرحد پار مالی جرائم کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان زون محمد بہرام خان کی خصوصی ہدایات پر ایف آئی اے کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب صداقت قلعہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ غیر قانونی طور پر افغانستان داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے 500,000 افغانی کرنسی اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔
ایف آئی اے حکام نے ملزم کو برآمد شدہ رقم سمیت مزید تفتیش کے لیے دفتر منتقل کر دیا ہے، جہاں اس سے اسمگلنگ نیٹ ورک اور ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قوانین کے مثر نفاذ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
