کچلاک بائی پاس پر ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام: سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ(جہان امروز )کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک بائی پاس پر واقع فرنٹیئر کور )ایف سی( کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کیا گیا حملہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اورموثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
حملے کے نتیجے میں دو حملہ آور ہلاک جبکہ ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اچانک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری پوزیشن سنبھالتے ہوئے بھرپور جواب دیا۔
طرفین کے درمیان کچھ دیر تک جاری رہنے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں دونوں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور ہینڈ گرینیڈز برآمد کر لیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کے ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔
