سوار محمد حسین شہید کی 53ویں برسی، مسلح افواج کے سربراہان کا خراج عقیدت
شہید کی قربانی قوم کیلئے مشعل راہ،سوار محمد حسین وطن عزیز کے دفاع کیلئے افواج پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہیں، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (انٹرنیوز)سپاہی سوار محمد حسین شہید (نشان حیدر) کی 53ویں برسی پرچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سوارمحمد حسین شہید پنجاب کے علاقے گوجر خان کے قریب ڈھوک پیر بخش میں 18جون 1949کو پیدا ہوئے اور 10دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کرتے وقت ان کی عمر محض 22سال اور 6ماہ تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق 1971ء کی جنگ میں سوار محمد حسین شہید نے بیمثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے 16ٹینک تباہ کرنے میں کردار ادا کیا اور فرض کی ادائیگی کے دوران دشمن کی مشین گن کی گولی لگنے سے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کی برسی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سوار محمد حسین شہید کی قربانی قوم کیلئے مشعلِ راہ ہے،وہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے ملک کی بقا اور حرمت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔