اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں کہر‘جنوبی پنجاب‘ بالائی سندھ میں بعض مقامات پر ہلکی دھندکا امکان
لاہور، اسلام آباد..لاہور سمیت ملک بھر میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں کہر پڑنے کی توقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ اور قلات میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری تک گرگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ادھر شہر قائد میں صبح سویرے اور رات کے اوقات میں موسم خنک ہو گیا ، کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران دن میں موسم خشک اور رات میں خنک رہنے کی توقع ہے۔