سید محمود الحسن گیلانی ایڈووکیٹ کا اردو نعتیہ شعری مجموعہ رحمت نور محمد

سید محمود الحسن گیلانی ایڈووکیٹ کا اردو نعتیہ شعری مجموعہ رحمت نور محمد

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی
(ورلڈ ریکارڈ ہولڈر)
rachitrali@gmail.com

سید محمود الحسن گیلانی پیشے کے لحاظ سے قانون دان ہیں، سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ایڈووکیٹ ہیں، ادبی تنظیم بزم سرخیل ادب اور ہیومین جسٹس فرنٹ کے چیرمین ہیں، ریڈیو پاکستان کے ایف ایم 95 کے آرجے ہیں، سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان رہ چکے ہیں، آپ کو حکومت پنجاب کی طرف سے تمغۂ حسن کارکردگی کا اعزاز عطا کیا گیا ہے، حال ہی میں آپ کی کتاب “رحمت نور محمد ﷺ” کے عنوان سے منظر عام پر آگیا ہے جسے محمود گیلانی پبلیکیشنز، لاہور نے خوبصورت گیٹ اپ کے ساتھ شائع کیا ہے کتاب کے
صفحات کی تعداد 128 ہے۔
رحمت نور محمد ﷺ سید محمود الحسن گیلانی کی اردو نعتیہ شاعری کا مجموعہ ہے، جسے انہوں نے اپنی والدہ سیدہ حمیدہ بی بی کے نام منسوب کیا ہے۔ اس کتاب کا آغاز مصنف کی لکھی ہوئی حمد و نعت سے ہوتا ہے۔ کتاب کا پیش لفظ مصنف نے خود تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے اس مجموعے کی تخلیق کے پس پردہ اسباب و عوامل کو بیان کیا ہے۔ اس کے علاوہ زینب النساء زیبی، ہدایت حسین بدایونی، ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی، تنویر پھول (امریکہ)، سید علی تنہا اور الیاس آتش جیسے معروف شعرا، ادیب اور نقادوں نے کتاب کا فنی و فکری جائزہ لیا ہے۔ کتاب کی پچھلے سرورق کا فلیپ زینب النساء زیبی نے تحریر کیا ہے۔
اس مجموعے کا بنیادی موضوع رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ گرامی کی نعوت کی شکل میں تعریف و توصیف ہے۔ سید محمود الحسن گیلانی کی شاعری میں عشقِ رسول ﷺ کے جذبات انتہائی عقیدت، محبت اور عزت و احترام کے ساتھ بیان ہوئے ہیں۔ انہوں نے حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے آپ ﷺ کی رحمت، شفقت، اور انسانیت کے لئے محبت کے جذبات کو اپنے اشعار میں سمویا ہے۔
آپ کی نعتیہ شاعری میں سادگی کے ساتھ ساتھ روانی بھی نظر آتی ہے جو کہ اس کے نعتیہ کلام کی روح کو اور بھی زیادہ مقبول بناتی ہے۔ سید محمود الحسن گیلانی نے اپنے اشعار میں عشق رسول ﷺ کے لیے جذبات اور الفاظ کو عمدگی کے ساتھ یکجا کیا ہے۔
مصنف نے اپنی شاعری میں تشبیہ، استعارے، اور تجسیم جیسے ادبی آلات کا بھرپور استعمال کیا ہے، جو اشعار کو معنوی اور جمالیاتی حسن فراہم کرتے ہیں۔ خصوصاً رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی صفات کو بیان کرنے کے لیے مصنف نے ایسے الفاظ کا چناؤ کیا ہے جو دل میں ایمان کی حرارت اور محبت رسول ﷺ کے جذبات کو بیدار کرتے ہیں۔
رحمت نور محمد ﷺ ایک ایسی کاوش ہے جس میں سید محمود الحسن گیلانی نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کو اشعار کے ذریعے بیان کیا ہے۔ ان کے اشعار میں نہ صرف روحانی جذبہ جھلکتا ہوا دکھائی دیتا ہے بلکہ اردو نعت کی خوبصورتی بھی نمایاں ہوتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ آپ کی ہر نعت میں ایک مخصوص پیغام اور ایک احساس کی کیفیت پائی جاتی ہے۔
یہ کتاب ان افراد کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے جو نعتیہ شاعری میں دلچسپی رکھتے ہیں اور حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان میں کلام لکھنا اور پڑھنا پسند کرتے ہیں۔ سید محمود الحسن گیلانی کو نعتیہ شاعری کے اس خوبصورت مجموعے کی تخلیق پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اس دعا کے ساتھ۔
الله کرے زور قلم اور زیادہ۔

اپنا تبصرہ لکھیں