اسلام آباد(اے ایف بی ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ صوبے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے مولانا فضل الرحمان کے ذریعے ایک آخری کوشش کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کے کردار پر سوالات اٹھائے۔ ارکان کا مؤقف تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کا ساتھ نہ دینا تشویش کا باعث ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے مولانا فضل الرحمان کے ذریعے ایک آخری کوشش کی جائے۔ذرائع کے مطابق اسی سلسلے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ بھی کیا۔