jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ،پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی نظام، امن اور عالمی تعاون سے وابستگی کے عزم کا اعادہ

پیرس (اے ایف بی) وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان کے یونیسکو کے لئے نمائندے سید توقیر حسین شاہ نے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے 225ویں اجلاس میں پاکستان کا قومی بیان پیش کیا اور کثیرالجہتی نظام، بین الاقوامی تعاون اور مکالمے و باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے ۔پیرس میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے عالمی چیلنجز، بالخصوص ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں ، کثیرالجہتی اداروں، جنوب جنوب تعاون کی بھرپور حمایت پر زور دیا۔انہوں نے تنازعات اور بحرانوں بالخصوص غزہ کی صورت حال کے تناظر میں انسانی جانوں، تعلیمی اداروں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا ۔سید توقیر حسین شاہ نے اسکولوں سے باہر بچوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے عالمی لائحہ عمل تیار کرنے، سائنسی علم تک منصفانہ رسائی یقینی بنانے، بین الاقوامی سائنسی تعاون کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عدم مساوات کم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے نسل پرستی ،صنفی امتیاز، اسلاموفوبیا، غلط معلومات اور نفرت انگیز تقاریر کے تدارک پر زور دیتے ہوئے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کی ذمہ دارانہ اور اخلاقی گورننس کی حوصلہ افزائی کی۔پاکستانی نمائندے نے یونیسکو کی تاثیر اور عالمی سطح پر اس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More