قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

رونمائی پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کی‘ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے اپنے جوش و جذبے کا اظہار
اسلام آباد..پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی ہوئی۔ ٹرافی کی رونمائی پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کی جنہوں نے اس موقع پر نوجوان کھلاڑیوں کے لئے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ بھی موجود تھے۔اولمپیئن ارشد ندیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک بڑا قدم ہے۔ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا، امید ہے کہ یہاں سے پاکستان کو عالمی سطح کے کھلاڑی میسر آئیں گے۔یاسر پیرزادہ نے گیمز کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد ملک میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے، ہم پرامید ہیں کہ یہ مقابلے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی افتتاحی تقریب (آج)ہفتہ کو پی ایس بی میں منعقد ہوگی۔بین الصوبائی قائداعظم گیمز میں خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔گیمز میں 15کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، فٹ بال، ہاکی،جوڈو، کبڈی، کراٹے، سکواش، سوئمنگ، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ شامل ہیں۔ ایونٹ کے اختتام پر فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے جائیں گے جس سے ان کی محنت اور کارکردگی کو سراہا جائے گا۔قائداعظم بین الصوبائی گیمز نہ صرف کھیلوں کے میدان میں نیا جوش پیدا کرے گا بلکہ نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں