پشتونوں کو تقسیم کرکے اب آبائی زمینوں سے بیدخل کیا جارہاہے ، نواب ایاز جوگیزئی

پشتونوں کو تقسیم کرکے اب آبائی زمینوں سے بیدخل کیا جارہاہے ، نواب ایاز جوگیزئی

کوئٹہ (جہان امروز) پشتونوں کو تقسیم کرکے اب ان کے آبائی زمینوں سے بیدخل کیا جارہاہے ، جو حکومت عوامی نہ ہو عوام کے حقیقی رائے ووٹ سے نہ بنی ہو وہ پر امن عوامی احتجاج کرنیوالوں پر لاٹھی چارج اور ظلم وستم کرتی ہے ، کاسی قبیلے کے احتجاج پر لاٹھی چارج ، انہیں گرفتار کرنے ان پر مظالم ڈھانے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں.

نااہل جعلی حکومت اپنی منفی عوام دشمن ہتھکنڈوں سے باز آئے ہم ہر عوامی احتجاج کا حصہ ہیں اور عوام کر ہر دُکھ درد میں ان کے ساتھ ہیں ، زمینوں کے قبضے اور وسائل کے لوٹ مار کے خلاف آواز اُٹھاتے رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے باچا خان چوک پرکاسی قبیلے کی جانب سے لگائے گئے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عبدالقہار خا ن ودان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نصیر ننگیال ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نوابزادہ اسفند یار جوگیزئی ، حضرت عمر ایڈووکیٹ، اقبال بٹے زئی ، ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز ، ضلع کمیٹی کے اراکین سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں اور کاسی قبیلے کے معتبرین ونوجوانوں نے شرکت کی ۔ اجتماع سے ملک ابراہیم کاسی اور ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑنے بھی خطاب کیا۔

نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75سالوں سے اس ملک نے پشتونوں کو کچھ نہیں دیا سوائے بدامنی ، لاقانونیت ، دہشت گردی ،مذاق اُڑانے کے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں پاکستان بننے سے پہلے ہی تمام قبائل کی زمینیں آباد ہیں اور ان کی تقسیم ہر قبیلے کی واضح تھی۔

کوئٹہ ، کاسی ، یاسین زئی ، بازئی ،درانی اس شہر کے مالک یہ چند قبیلے تھے ۔ 1935ء کے زلزلے کے بعد کاسی قبیلے نے اُس وقت کے انگریزی حکومت کو ہسپتال سکول کالجز کیلئے زمینیں دی تھیں اور زمینوں پر اس وقت کے حکومت نے ایمرجنسی بنیادوں پر تعمیرات کیئے تھے کیونکہ یہاں کے عوام زلزلے سے متاثرہوئے تھے۔

آئی ایم ایف سے جو بھی قرضے لیئے گئے ہیں ان سے پشتونخوا وطن میں کوئی میگا پراجیکٹ نہیں بنی بلکہ یہ صرف ایک صوبے تک محدود رہی لیکن آج قرضہ کا بوجھ دیگر اقوام پر بھی ڈالا گیا ہے ۔

ہمارے اپنے وطن کے کوئلوں پر مالکان کو مزدور بنایا گیا اور پنجاب نے پشتون کو ایک مزدور قوم میں تبدیل کردیا ہے۔ احمد شاہ بابا ، میروائس نیکہ ، شیر شاہ سوری کی اولاد آج کچرہ دانوں میں رزق تلاش کررہی ہے .

کاسی قبیلے کے مسئلے میں ہم ان کے حمایتی ہیں کاسی قبیلے کے تمام افراد کو بھی متحدہونا ہوگا، ہم نے عوامی جرگے شروع کیئے ہیں کیونکہ پشتون خطے پر ایک مرتبہ پھر خطرناک جنگیں مسلط کی جارہی ہیں اپنے آپس کے اختلافات کو دور کرنا ہوگا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں