jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 12 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (اے ایف بی) سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اکتوبر 2026 کو ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی۔سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کو مؤثر کارروائی کا نشانہ بنایا، افغان طالبان کی پوسٹوں نے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کی مدد کیلئے بھی فائرنگ کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر اور درست جوابی کارروائی میں 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کی عمر 40 سال اور تعلق ضلع غذر سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ واقعہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے افغان سر زمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکامی کا ایک اور ثبوت ہے، افغان طالبان رجیم مسلسل اپنی بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ رہتے ہوئے ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پُرعزم ہیں، علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، پاک فوج کے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More