jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے بعد اداکارہ نصرت بھروچا کی پہلی پوسٹ

نصرت بھروچا کو بالی حادثے کے نتیجے میں ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا تھا

جکارتہ (این این آئی)بولی وڈ اداکارہ نصرت بھروچا نے انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر اور سرجری کے بعد پہلی بار سوشل میڈیا پر اپنی خیریت سے متعلق پیغام شیئر کیا ہے۔ اداکارہ نے غروبِ آفتاب کی تصویر کے ساتھ امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ بھرپور انداز میں کام شروع کریں گی۔نصرت بھروچا نے ہفتے کے روز انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں کھڑکی کے قریب ایک خالی وئیل چیئر اور پس منظر میں دور ڈوبتا ہوا سورج دکھائی دے رہا تھا۔ تصویر کے ساتھ ان کا پیغام مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا، میں ہمیشہ سے غروبِ آفتاب کے خوب صورت مناظر کے پیچھے بھاگتی رہی ہوں، اچانک میرا منظر ہی بدل گیا۔ مگر، پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست۔نصرت بھروچا کو اکتوبر کے آغاز میں بالی کے دورے کے دوران حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا۔ اداکارہ کام اور چھٹیاں گزارنے کے سلسلے میں بالی میں موجود تھیں۔حادثے کے بعد ان کی ٹیم نے بتایا تھا کہ اداکارہ کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور بہتر علاج کے لیے انہیں ممبئی منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بعد ازاں انہیں فضائی ایمبولینس کے ذریعے ممبئی لایا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔ان کی ٹیم کے مطابق ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ اور سرجری کے باعث اداکارہ کو آرام اور صحت یابی کے لیے وقت درکار ہے، جس کے باعث آنے والے ہفتوں میں ان کے کام کے شیڈول پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔نصرت بھروچا نے فلم پیار کا پنچ نامہ، سونو کے ٹیٹو کی سویٹیاور ہارر فلم چھوری سمیت متعدد فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کامیڈی، ڈرامے اور خوف پر مبنی فلموں میں مختلف کردار ادا کرکے اپنی پہچان بنائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More