jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

تیاریاں مکمل،ملک بھر میں عید میلادالنبیْ( آج )مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

ہر طرف چراغاں، گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ)ملک بھر میں عید میلادالنبیۖ (12 ربیع الاول) (آج )بروز بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، ہر طرف چراغاں، گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبیۖ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائیگا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے،عید میلادالنبیۖ کے حوالے سے آج شب ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائیگا جس میں علماء کرام نبی کریمۖ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔

آمد مصطفیۖ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویۖ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں،آمد مصطفیٰۖ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے جشن عید میلاد النبیۖ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔علماء کرام نے بتایا کہ حضرت محمد مصطفیۖ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپۖ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپۖ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More