آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر اورراشد لطیف کے درمیان خاص تعلق کا انکشاف
نانا پاٹیکر سے ابتدائی بات چیت 1994 میں ہوئی،دوستی کرانے میںاظہر الدین اور اجے جڈیجہ کا خصوصی کردار تھا،سابق وکٹ کیپر
کراچی(این این آئی) بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کے درمیان خاص تعلق کا انکشاف ہوا ہے۔راشد لطیف پاکستان کے لیجنڈری وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان ہیں جبکہ نانا پاٹیکر بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار جو چند روز قبل دل کے دورے کے باعث چل بسے تاہم ان کی موت کے بعد آنجہانی اداکار اور پاکستانی کرکٹر کے درمیان خاص تعلق کا انکشاف ہوا ہے۔سابق پاکستانی کپتان راشد لطیف اور نانا پاٹیکر کے درمیان 32 سال دیرینہ دوستی ہے،اس کا آغاز 1994 میں سنگر ٹرافی کے ذریعے کیسے ہوا۔ اس کا احوال شائقین کے لیے انتہائی دلچسپ ہوگا۔لیجنڈری اداکار نانا پاٹیکر کا اداکاری کے ساتھ کرکٹ سے خاص لگاؤ تھا، یہ بات ان کے پرستار جانتے ہوں گے تاہم اسی کھیل کی نسبت ان کی خاص دوستی سابق قومی کپتان راشد لطیف سے ہوئی یہ بات شاید بہت کم لوگوں کے علم میں ہو،نانا پاٹیکر کی اچانک موت کے بعد راشد لطیف نے اپنے دیرینہ دوست کی یادیں تازہ کیں اور بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی اداکار سے دوستی کب اور کس طرح شروع ہوئی۔راشد لطیف نے انکشاف کیا کہ ان کی نانا پاٹیکر سے ابتدائی بات چیت کا سلسلہ 1994 میں سری لنکا میں ہونے والی سنگر ٹرافی کے دوران ہوا، ان کے درمیان دوستی کرانے میں اس وقت کے بھارتی کپتان محمد اظہر الدین اور اجے جڈیجہ کا خصوصی کردار تھا۔سابق وکٹ کیپر نے بتایا کہ دونوں بھارتی کرکٹرز ان کی نانا پاٹیکر سے ملاقات اور بات چیت کے مواقع پیدا کرتے تھے، بات چیت کا یہ سلسلہ برسوں تک جاری رہا اور پھر یہ دوستی کرکٹ اور فلموں کے دائرے سے آگے نکل گئی۔راشد لطیف نے اس دوستانہ تعلق کا ایک دلچسپ واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 1998 میں آنجہانی اداکار کو ایوارڈ ملا تھا۔ اس دوران وہ قومی ٹیم کجے ساتھ جنوبی افریقہ کے دورے پر تھے، انہیں ایوارڈ کا پتہ چلا تو نانا پاٹیکر کو مبارکباد پیش کی۔سابق پاکستانی کپتان نے بتایا کہ بعد میں نانا پاٹیکر نے بھارتی کرکٹرز سے ملاقات کی اور مزاحیہ انداز میں شکورہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایوارڈ ملنے پر ایک پاکستانی کرکٹر نے تو مبارکباد دی، مگر بھارتی کھلاڑیوں نے ایسا نہیں کیا۔راشد لطیف کے مطابق انہیں یہ واقعہ اجے جڈیجہ نے بتایا۔ بظاہر یہ ایک چھوٹا سا واقعہ تھا لیکن اس سے ان کی دوستی اور گرم جوشی کا اظہار ہوتا تھا۔ان کی دوستی اس قدر گہری تھی کہ راشد لطیف کو ”نانا” پکارا جانے لگا تھا۔یہ دلچسپ انکشاف ان کے ساتھی سابق بلے باز باسط علی نے کیا اور بتایا کہ اداکار سے گہری دوستی کی وجہ سے ساتھی کرکٹر راشد لطیف کی عرفیت ”نانا” رکھ دی تھی اور وہ اسی نام سے پکارتے تھے۔باسط علی نے نانا پاٹیکر کو جذباتی خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور انہیں ایک ایسے قریبی دوست کے طور پر یاد کیا جن کی شخصیت کیمرے کے سامنے اور پیچھے، دونوں ہی صورتوں میں اتنی ہی یادگار تھی جتنی کہ ان کی اداکاری۔.