اسلام آباد(جہان امروزنیوز ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے چرنوبل کے ایٹمی حادثے کی 40 ویں برسی کے موقع پر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری تحفظ اور سلامتی کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنائے تاکہ انسانیت کو ایسے سانحات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ جوہری حادثات کے اثرات کسی ایک علاقے یا نسل تک محدود نہیں رہتے بلکہ کئی دہائیوں تک جاری رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چرنوبل کے بعد صورتحال نے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو واضح کیا ہے جہاں اقوام متحدہ اور دیگر اداروں نے تحقیق، طبی امداد اور بحالی پروگراموں کے ذریعے متاثرہ افراد کی مدد کی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سانحے سے حاصل ہونے والے اسباق واضح ہیں کہ جوہری تحفظ محض تکنیکی معاملہ نہیں بلکہ اس کے لیے سخت نگرانی، مسلسل احتیاط اور اعلیٰ درجے کی ذمہ داری درکار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری تنصیبات میں کسی بھی قسم کی غفلت کے اثرات وسیع ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حادثات عام شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنتے ہیں، جن میں زرعی زمینوں کا ناقابلِ کاشت ہو جانا، خوراک اور پانی کی قلت، جبری نقل مکانی اور صحت کے مسائل شامل ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایٹمی تحفظ اور سلامتی کے عالمی معیارات پر سختی سے کاربند ہے اور ان تمام بین الاقوامی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا جو جوہری خطرات کو کم کرنے اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں
