jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

وزیراعظم وژن 2047ء کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی کے مرکز میں لانا چاہتے ہیں،رانا مشہود احمد خان

2047میں پاکستان کے قیام کو 100 سال مکمل ،ابھی سے مستقبل کی تیاری ،طویل المدتی منصوبہ بندی کرنا ہوگی، چیئر مین وزیر اعظم یوتھ پروگرام

لاہور (سپورٹس نیوز)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود مسلسل ترقی کا سفر جاری رکھا، پاکستان کا مستقبل صرف مراعات یافتہ طبقے تک محدود نہیں بلکہ ہر باصلاحیت نوجوان کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں، حکومت نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور جدید تعلیم و تحقیق سے جوڑنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے،2047ء میں پاکستان کے قیام کو 100سال مکمل ہوں گے اس لیے مستقبل کی تیاری اور طویل المدتی منصوبہ بندی ابھی سے کرنا ہوگی۔

ایچ ایس ایس پی 2026ء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت وسائل کی شدید کمی تھی، ہمارے بزرگوں نے انتہائی مشکل حالات میں ملک کو سنبھالا اور دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے۔ پاکستان مسلسل جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھتا رہا اور آج جدید ٹیکنالوجی، ایٹمی صلاحیت اور دیگر شعبوں میں اہم مقام رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پانچویں نسل کی جنگ مسلط کی گئی جس کے ذریعے نوجوانوں میں مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، ہمیں پاکستان کی کامیابیوں اور مثبت پہلوئوں کو بھی اجاگر کرنا ہوگا۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسز کی قابلیت کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے جبکہ پاکستانی نرسز کی عالمی سطح پر بہت زیادہ مانگ ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نرسز کی سالانہ پیداوار چند ہزار سے بڑھا کر 38ہزار تک پہنچا دی گئی ہے جبکہ وزیراعظم نے نرسز کی تعداد اگلے سال تک 60ہزار سے ایک لاکھ تک لے جانے کا ہدف دیا ہے۔ نرسنگ کے شعبے میں معیار برقرار رکھتے ہوئے افرادی قوت بڑھانے پر کام جاری ہے اور پاکستان میں ہیلتھ ٹورزم کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چین کی 50یونیورسٹیز، 70سے زائد تکنیکی تعلیم کے اداروں، امریکہ کی 25یونیورسٹیز اور ہیلتھ و تکنیکی تعلیم کے 17اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدے کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی جامعات کے تعاون سے پاکستان میں ریسرچ سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ آئندہ دو ماہ میں بین الاقوامی جامعات کے نمائندگان پاکستان آئیں گے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کی کابینہ سے منظوری ہوچکی ہے جبکہ پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی بھی لانچ کی جاچکی ہے۔

نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، خواتین کی ملازمت میں شمولیت بڑھانے اور نئی کمپنیوں میں نوجوانوں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ای اسپورٹس پالیسی بھی متعارف کرائی جا رہی ہے جس میں گیم ڈویلپمنٹ، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے شامل ہیں۔ وزیراعظم وژن 2047ء کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی کے مرکز میں لانا چاہتے ہیں اور پالیسی سازی میں پہلی مرتبہ نوجوانوں سے براہ راست تجاویز اور آئیڈیاز لیے جائیں گے۔ حکومت کا مقصد صرف پالیسیاں بنانا نہیں بلکہ ان پر عملی طور پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More