jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کی جانب سے برآمدی سہولت اسکیم کے غلط استعمال کے خلاف کارروائی

اسلام آباد (ویب نیوز)پاکستان کسٹمز نے برآمدی سہولت اسکیم (EFS) کے تحت حاصل استثنیٰ کے غلط استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے درآمد شدہ کپڑے کی مبینہ غلط ڈیکلریشن کے معاملے میں مؤثر اقدامات کیے ہیں، جنہیں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے باقاعدہ طور پر سراہا ہے۔اپٹما کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور پاکستان کسٹمز کی جانب سے برآمدی سہولت اسکیم کے تحت گریج فیبرک کی درآمد سے متعلق خدشات کے ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کو تسلیم کیا گیا۔

اپٹما کے مطابق SRO 1435(I)/2025 کے تحت گریج فیبرک کو مذکورہ اسکیم سے خارج کر دیا گیا تھا، تاہم بعض کنسائنمنٹس میں مبینہ طور پر غلط تفصیلات ظاہر کر کے کسٹمز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔پاکستان کسٹمز کے فیلڈ فارمیشنز متعلقہ کنسائنمنٹس کی کڑی جانچ پڑتال کر رہے ہیں تاکہ درآمد شدہ کپڑے کی درست نوعیت اور تفصیل کا تعین کیا جا سکے۔

ضرورت پڑنے پر مال کی جسمانی جانچ کے ساتھ ساتھ نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ بھی کرائے جا رہے ہیں تاکہ اشیاء کی حقیقی ساخت اور درست تفصیل کا تعین کیا جا سکے اور قابلِ اطلاق قوانین و ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی نشاندہی ہو سکے۔اپٹما نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ درآمد شدہ کپڑے کی غلط ڈیکلریشن سے حکومت کو جائز محصولات کی مد میں نقصان پہنچ سکتا ہے اور قانون کی پابندی کرنے والے مقامی مینوفیکچررز کے لیے مسابقتی طور پر غیر منصفانہ صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ایسوسی ایشن نے کنسائنمنٹس کی جانچ پڑتال اور اسکیم کے غلط استعمال کے خلاف کارروائی میں کسٹمز فیلڈ فارمیشنز کے کردار کو بھی تسلیم کیا اور اس امر پر زور دیا کہ برآمدی سہولت اسکیم کے مقررہ مقاصد کے مطابق استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔پاکستان کسٹمز اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ تجارتی سہولت کاری اور مؤثر انفورسمنٹ ایک دوسرے کے معاون ترجیحات ہیں۔

سہولت کاری کے اقدامات کا مقصد جائز اور قوانین کی پابندی کرنے والی تجارت کو فروغ دینا ہے، جبکہ استثنیٰ، رعایتوں یا ریگولیٹری طریقہ کار کے غلط استعمال سے نظام کی شفافیت اور سالمیت متاثر ہوتی ہے، جس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے۔

پاکستان کسٹمز غلط ڈیکلریشن اور دیگر اقسام کے غلط استعمال کے خلاف کنٹرولز کو مزید مؤثر بناتا رہے گا، حکومت کے جائز محصولات کا تحفظ، قوانین کی پابندی کرنے والے کاروباری اداروں کے مفادات کا تحفظ اور اس امر کو یقینی بنائے گا کہ سہولت کاری کی اسکیمیں شفاف انداز میں اور اپنے مقررہ مقاصد کے مطابق نافذ ہوں۔پاکستان کسٹمز جائز تجارت کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معاشی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پْرعزم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More