تہران (این این آئی)ایرانی حکام نے ملک کے جنوب مشرق میں واقع صوبہ سیستان بلوچستان کے بحیرہ عمان پر واقع بندرگاہ چاہ بہار اور دشتیاری کے علاقے کے گائوں درغس میں سکیورٹی آپریشن کے دوران مسلح تنظیم جیش العدل کے ارکان یا ان سے وابستہ تین افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ تنظیم کے ایک مبینہ خفیہ ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صوبے میں پولیس، فوج اور سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ ایرانی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق یہ آپریشن چاہ بہار کے محکمہ انٹیلی جنس اور پاسداران انقلاب کے دستوں کے درمیان تعاون سے کیا گیا جو اس علاقے میں سرگرم مسلح گروہوں کو نشانہ بنانے والی سکیورٹی مہم کا حصہ ہے۔