کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)حکومت بلوچستان نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔
اس حوالے سے حکومت بلوچستان کے محکمہ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں اور پنشن 20 مئی کو جاری کی جائیں گی تاکہ ملازمین عیدالاضحی کی تیاریوں کو بہتر انداز میں مکمل کر سکیں محکمہ خزانہ بلوچستان کے سیکرٹری عمران زرکون کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عیدالاضحی کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ملازمین اور پنشنرز کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ محکموں، ضلعی دفاتر، خزانہ آفسز اور بینکوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ملازم یا پنشنر کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
عیدالاضحی سے قبل مارکیٹوں میں خریداری کے بڑھتے ہوئے رجحان، قربانی کے جانوروں، اشیائے خورونوش، کپڑوں اور دیگر ضروریات کی خریداری کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی قبل از وقت ادائیگی سے انہیں عید کی خریداری، گھریلو اخراجات اور دیگر مالی معاملات نمٹانے میں آسانی ہوگی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی جانب سے حکومت بلوچستان کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
مختلف ملازمین تنظیموں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی ایک مثبت قدم ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا ہر سال عیدین کے موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا اعلان کرتی ہیں تاکہ ملازمین عید کی خوشیوں میں بہتر انداز میں شریک ہو سکیں۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری حالیہ نوٹیفکیشن کے بعد صوبے بھر کے سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ اس فیصلے کو بروقت اور عوام دوست اقدام قرار دے رہے ہیں۔
