کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )چا ہ بہار فری زون آرگنائزیشن کا ایک اعلی سطحی ایرانی وفد چیئرمین بورڈ و منیجنگ ڈائریکٹر چا ہ بہار فری زون آرگنائزیشن محمد سعید اربابی کی قیادت میں نے گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔

ایرانی وفد میں مجیب حسنی، میثم کیخواہ آریا، محمد شریفی پیرجل، شکری بلوچ، یوسف باوار، علی رضا چشم جہان، داد رحیم پارسا، کاوہ، امیر خان نژاد، یحیی میر بلوچ، مختار دلوشی، انور رحمت پور، عبدالشکور دانشمند شامل ہیں۔

گوادر چیمبر آف کامرس کے صدر جہند ہوت اورگوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حاجی حنیف حسین سمیت دیگر افراد نے ایرانی وفدکا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پرگوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حنیف حسین نے چاہ بہار فری زون آرگنائزیشن کے چیئرمین بورڈ و منیجنگ ڈائریکٹر محمد سعید اربابی کو یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی۔

گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گوادر اور مکران ڈویژن میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور مقامی تاجروں کے مفادات کے تحفظ کا اہم ادارہ ہے جوسی پیک کے تحت گوادر پورٹ اور فری زون میں ترقی، پاک ایران سرحدی تجارت اور چاہ بہار جیسے ہمسایہ بندرگاہوں سے تعلقات کے فروغ کیلئے متحرک ہے۔

گوادر کرکٹ اکیڈمی کے چیئرمین حاجی عبد الحمید رشید اور بانی صدر حاجی حنیف حسین اور دیگر ممبران نے ایرانی وفد کے تاریخی اور اہم دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان دوستی، بھائی چارے، امن، تجارت اور ثقافتی روابط کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

چا ہ بہار فری زون آرگنائزیشن کے وفد کا مقصد دونوں بندرگاہوں کے درمیان تجارتی تعاون کو بڑھانا ہے۔گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حاجی حنیف حسین نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے عوام صدیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور سماجی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کرکٹ اور فٹ بال سمیت دیگر کھیل نوجوانوں کو قریب لانے اور قوموں کے درمیان محبت و ہم آہنگی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

گوادر کرکٹ اکیڈمی اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ایران کے نوجوانوں کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ، سپورٹس سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

ہم دعاگو ہیں کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، سماجی، تجارتی اور کھیلوں کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے خطے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *