اسلام آباد (بیورو رپورٹ)امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے احتجاج کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت 271 روپے بنتی ہے تاہم حکومت 117 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز لگا کر عوام کو 401 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 برس میں بجلی پر عائد ٹیکسز کی مد میں 19 کھرب روپے وصول کیے گئے جبکہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے بجلی اور گیس پر فکس چارجز بھی نافذ کر دیے گئے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں قیمتیں نہیں بڑھیں، سوال یہ ہے کہ جنگ کے اثرات صرف پاکستان پر ہی کیوں پڑ رہے ہیں؟انہوںنے کہاکہ جماعتِ اسلامی 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کرے گی جبکہ ہڑتال اور پہیہ جام کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکومت نے 100 میں سے صرف 15 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر بات کی ہے جبکہ باقی آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کرپشن کے لیے آئی پی پیز معاہدوں میں توسیع کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *