اسلام آباد(بزنس نیوز)پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.3 ارب ڈالرز موصول ہو گئے،اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق یہ منتقلی ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرام کے تحت ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا کہ آئی ایم ایف نے 8 مئی کو تیسرے جائزے کی منظوری میں یہ قسط منتقل کرنے کی منظوری دی تھی۔
اسٹیٹ بینک کو مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر موصول ہو گئے ہیں، موصولہ رقم پاکستانی روپے میں نہیں بلکہ زرِمبادلہ ذخائر میں شامل ہو گی۔
یہ رقم 15 مئی 2026ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے زرِمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہو گی، آئی ایم ایف فنڈز ملنے سے پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا۔
واشنگٹن ڈی سی میں گزشتہ جمعے کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان کی جانب سے ای ایف ایف پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالرز کی چوتھی قسط اورآر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالرز کی دوسری قسط کی منظوری کی درخواست پر غور کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں پاکستان کیلئے 1.3 ارب ڈالرز کی قسطوں کی منظوری کے ساتھ ہی آئی ایم ایف نے واضح کر دیا تھا کہ اشیائے صرف کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے ماحول میں پاکستان کو پیٹرول، بجلی اور گیس کی مقامی قیمتوں کو لاگت کے مطابق برقرار رکھنا ہو گا۔
موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر 4.6 ارب ڈالر جاری ہو چکے ہیں، پاکستان نے ستمبر 2024 میں 37 ماہ کے لیے ای ایف ایف پروگرام لیا تھا۔
