jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

عمران خان کے معاملے میں اعتماد کی بحالی کی کوشش محسوس ہوتی ہے، اسلم رئیسانی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)وفاق کثیرالقومی ریاست ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی ریاست کا فرض ہے، رعایت نہیں: اسلم رئیسانی چیف آف ساراوان اور سابق وزیراعلی بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان کے معاملے میں ریاست نے اعتماد کی بحالی کی ایک کوشش کی ہے، اسی طرح بلوچ لاپتہ افراد، بلوچ یکجہتی کمیٹی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے زیرِ حراست افراد کے معاملے میں بھی ریاست کو اعتماد سازی، انصاف کی بالادستی اور قانون کے یکساں اطلاق کو موقع دینا چاہیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد ہی پائیدار استحکام کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے انصاف، قانون کی حکمرانی اور تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک ضروری ہے۔ایک اور بیان میں سابق وزیراعلی بلوچستان نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ پاکستان ایک کثیرالقومی ریاست ہے، جہاں ہر قوم کی اپنی تاریخ، ثقافت، زبان، زمین اور آسمان اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کو سیاست، اقتدار اور مفادات سے بالاتر رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ہر قوم کے شہری کی جان و مال، عزت، آزادی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔نواب اسلم رئیسانی نے بالخصوص لاپتہ افراد کے معاملے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی ریاست کا فرض ہے، رعایت نہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More