کوئٹہ(ویب نیوز)اندرون بلوچستان: بلوچستان میڈیا فورم کی کال پر یوم شہدا صحافت کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یوم سیاہ منایا گیا، جبکہ شہدا صحافت کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں، سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اور میڈیا سے وابستہ کارکنوں نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، جبکہ پریس کلبز کی عمارتوں اور مختلف صحافتی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔
کوئٹہ میں بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ، سبی میں سیکرٹری جنرل اللہ داد رند، نائب صدر ندیم بابر مغل، بھاگ میں مرکزی نائب صدر رمضان بھٹو، ایڈیشنل سیکرٹری امداد حسین، ڈویژنل صدر سبی گووندا راہیجہ، بختیار آباد میں مرکزی سینئر نائب صدر اللہ یار ڈومکی، شریف جمالی، اسد اللہ عمرانی، ڈاکٹر رضا بابئی، شیخ فرید اللہ اور دیگر نے یوم سیاہ منانے والے صحافیوں، سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اور میڈیا کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا صحافت نے سچ، حق اور آزادی اظہار کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، ان کی قربانیاں صحافتی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس ذمہ داری ہے اور صحافی معاشرے میں حقائق عوام تک پہنچانے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ بلوچستان میں صحافیوں نے نامساعد حالات، دھمکیوں اور مشکلات کے باوجود اپنے فرائض انجام دیے اور عوام کی آواز بنے۔
انھوں نے کہا کہ یوم شہدا صحافت منانے کا مقصد صرف شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ آزادی صحافت، آزادی اظہار اور حقِ معلومات کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
صحافیوں کو درپیش مشکلات، عدم تحفظ اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کیلئے تمام صحافتی تنظیموں کو متحد ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ کیلئے مثر اقدامات کیے جائیں، شہدا صحافت کے خاندانوں کی مناسب سرپرستی کی جائے اور صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم صحافیوں کے حقوق، آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور شہدا صحافت کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا۔