میڈرڈ(شوبز نیوز)ہسپانوی عدالت نے کولمبین گلوکارہ شکیراکو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں بری کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسپین کی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہیکہ شکیرا کو ادا کییگئے جرمانوں کی مد میں 6 کروڑ یورو سے زائد رقم سود سمیت واپس کی جائے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق شکیرا پر ٹیکس چوری کے الزامات عائد کیے گئے تھے تاہم عدالت نے انہیں بے قصور قرار دے دیا۔
شکیرا پر الزام تھا کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران اسپین میں رہائش کے باوجود بیرونِ ملک رہائش ظاہر کر کے تقریبا ایک کروڑ 45 لاکھ یورو ٹیکس ادا نہیں کیا۔
ہسپانوی قوانین کے مطابق اگر کوئی شخص6 ماہ سے زیادہ اسپین میں قیام کرے تو اسے ٹیکس مقاصد کے لیے مقامی رہائشی تصور کیا جاتا ہے۔
شکیرا نے ہمیشہ الزامات کی تردید کی اور مقف اختیار کیا کہ اس عرصے میں ان کی زیادہ تر آمدنی عالمی میوزک ٹورز سے تھی اور وہ طویل عرصہ اسپین سے باہر رہیں۔
قبل ازیں شکیرا نے استغاثہ کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا تھا جس کے تحت انہوں نے 75 لاکھ یورو جرمانہ ادا کیا جبکہ ان کے خلاف ممکنہ 8 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا ختم کر دی گئی تھی۔
شکیرا نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے بچوں کے بہترین مفاد میں کیا۔
