ڈیرہ مراد جمالی(نمائندہ خصوصی )نصیر آباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں ڈی سی چوک کے قریب مین بازار میں نامعلوم شرپسندوں نے پولیس کی گاڑی پر بم حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 3 عام شہری شدید زخمی ہو گئے۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی، جس سے مصروف ترین تجارتی مرکز میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور دکانیں بند ہو گئیں۔

بم حملے کے باعث پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکار ہنگامی طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا، جہاں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ہمراہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے اور حملے میں ملوث روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *