عیدالاضحی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کی تمام چھٹیاں منسوخ، مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں کی سیکیورٹی مزید سخت
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں حالیہ بم دھماکے کے بعد بلوچستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ عیدالاضحی کے موقع پر ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریلوے اسٹیشنز، حساس تنصیبات، سرکاری دفاتر، مذہبی مقامات اور عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تربیت یافتہ اور مسلح کمانڈوز کو اہم مقامات پر تعینات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی تخریبی کارروائی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے ذرائع نے یو این اے کو بتایا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے تناظر میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
حساس مقامات میں ریڈ زون، پولیس لائن، اسپیشل برانچ آفس، بلوچستان ہائی کورٹ، سیشن کورٹ، ضلع کچہری، سرکاری عمارات، اہم دفاتر اور دیگر حساس تنصیبات شامل ہیں جہاں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جا رہے ہیں پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ شہر اور صوبے کے دیگر اضلاع میں قائم مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں، مزارات اور دیگر مذہبی مقامات کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
عید اجتماعات اور حساس مذہبی مقامات پر اضافی پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ خصوصی تربیت یافتہ کمانڈوز بھی مختلف مقامات پر گشت اور نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے ذرائع کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر میں پولیس ملازمین کی ہر قسم کی چھٹی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آئی جی بلوچستان کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ جو اہلکار پہلے سے چھٹیوں پر گئے ہوئے ہیں ان کی رخصتیں بھی فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں اور تمام اہلکاروں کو اپنے اپنے اضلاع، تھانوں اور متعلقہ ڈیوٹی پوائنٹس پر فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے
آئی جی آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عیدالاضحی کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، حساس مقامات کو محفوظ بنانے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی یا تخریبی کارروائی سے مثر انداز میں نمٹنے کیلئے کیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں تمام ڈی پی اوز، ایس پیز اور سینئر افسران کو عید کے ایام میں اپنی حدود میں موجود رہنے اور سیکیورٹی پلان کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، فارنزک برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس شیئرنگ کے عمل کو بھی مزید مثر بنایا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو خصوصی طور پر حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا ٹاسک دیا گیا ہے پولیس حکام کے مطابق عید کے موقع پر مساجد، عیدگاہوں، مویشی منڈیوں، ریلوے اسٹیشنز، بازاروں، اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
مختلف اضلاع میں سرچ آپریشنز، اسنیپ چیکنگ، ناکہ بندی اور موبائل گشت میں بھی نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص یا گاڑی کی فوری جانچ پڑتال کی جا سکے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں حساس تنصیبات کے اطراف سیکیورٹی حصار مزید سخت کیا جا رہا ہے جبکہ ریلوے اسٹیشنز اور ٹرین سروس کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسنائفر ڈاگز کی خدمات بھی اہم مقامات پر حاصل کی جائیں گی۔
دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ہونے کے بعد عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کی تیاری کرنے والے متعدد اہلکاروں کو واپس ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع سے اہلکاروں کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے تاکہ عید کے موقع پر سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دنوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی، لاوارث سامان یا غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن کو دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ممکن نہیں اور شہریوں کی بروقت اطلاع کسی بھی ممکنہ خطرے کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جب کہ ائی جی بلوچستان کی جانب سے تمام ایس ایچ اوز ڈی ایس پی کو ادائی جاری کی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں موجود رہیں اور متعلقہ تھانی اپنے علاقوں میں سنیپ چیکنگ اور ناکے لگا کر عوام کو پرامن ماحول فراہم کریں اور کسی بھی ایس ایچ او کے علاقے میں اگر کوئی بھی واقعہ پیش اتا ہے تو اسے معطل کر دیا جائے گا۔
