کوئٹہ۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ موجودہ سکیورٹی صورتحال اور عدالتوں پر ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے تمام وکلا کے لیے اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کوئٹہ کی تمام عدالتوں اور کچہری کے داخلی راستوں پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد معزز ججز، وکلا، عدالتی عملے، سائلین اور عدالتوں کے مجموعی ماحول کو ہر ممکن خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔

بار ایسوسی ایشن نے تمام وکلا سے اپیل کی ہے کہ وہ عدالتوں میں داخلے کے دوران تعینات سکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں، گاڑیوں کی تلاشی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر حفاظتی اقدامات کو خوش دلی سے قبول کریں۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کچہری کے مرکزی گیٹ پر ہر وکیل کی گاڑی کی مکمل تلاشی لی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر بار کونسل کا شناختی کارڈ بھی طلب کیا جا سکتا ہے، اس لیے تمام وکلا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا بار کونسل کارڈ ہر وقت اپنے ہمراہ رکھیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ کچہری کے اندر صرف وہی گاڑی داخل ہونے کی مجاز ہوگی جس میں متعلقہ وکیل خود موجود ہو، جبکہ وکیل کی عدم موجودگی میں اس کے اہل خانہ، دوست یا دیگر افراد کو گاڑی سمیت داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے زور دیا ہے کہ وکلا ان حفاظتی اقدامات کو اپنی عزت یا وقار کا مسئلہ نہ بنائیں کیونکہ ان کا مقصد صرف عدالتوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا ہے۔

اعلامیے میں مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دینے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سکیورٹی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *