ارباز خان سے محبت اور شادی کیسے ہوئی؟ اداکارہ خوشبو نے طلاق کے بعد بتا دیا
کچھ لوگوں اور ارباز کی سابقہ گرل فرینڈز نے ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائیں
لاہور (شوبز نیوز)پاکستانی اداکارہ اور اسٹیج پرفارمر خوشبو خان نے اداکار ارباز خان کے ساتھ محبت اور شادی سے قبل زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔خوشبو خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ارباز خان نے سب سے پہلے مجھ سے محبت کا اظہار کیا اور مری کے پی سی بھوربن لے جا کر شادی کی پیشکش کی۔
اداکارہ کے مطابق میں نے ارباز خان کے اہلِ خانہ کو شادی کے لیے راضی کرنے پر زور دیا، ارباز خان کے اہلِ خانہ ہماری محبت سے واقف تھے اور ان کی بہنیں اور بھابھیاں بھی مجھ سے ملاقات کرتی تھیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ارباز عید منانے اپنے گھر گئے تھے لیکن واپس نہیں آئے اور کہا تھا کہ اب میرا دل خالی ہے، میرے دل میں کوئی نہیں رہتا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں آج بھی ارباز خان کی عزت کرتی ہوں اور زندگی بھر ان کا احترام کرتی رہوں گی، ارباز خان نے مجھے طلاق دی یا نہیں، اس بارے میں ارباز سے ہی پوچھا جائے۔خوشبو خان نے اپنے اور ارباز خان کے حوالے سے سامنے آنے والی افواہوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں اور ارباز کی سابقہ گرل فرینڈز نے ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائیں۔
انہوں نے کہا کہ ارباز خان خوبصورت شخص تھے، اس لیے ممکن ہے کہ ان کی متعدد محبتیں رہی ہوں۔واضح رہے کہ خوشبو خان اور ارباز خان نے 2000 میں شادی کی تھی اور دونوں کے 2 بیٹے ہیں، گزشتہ تقریبا 5 برس سے دونوں کے الگ رہنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، جبکہ دونوں مختلف انٹرویوز میں اپنی طلاق کی تصدیق بھی کر چکے ہیں۔