jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

سرکاری ملازمت کسی فرد یا خاندان کی جاگیر نہیں بلکہ اہل اور حقدار نوجوانوں کا حق ہے، شاہد رند

میرٹ کی اعلیٰ مثال ، بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں سٹنگ وزیر اعلیٰ کے اپنے علاقے سے کوئی نوجوان سلیکٹ نہیں ہوسکا ،

کوئٹہ(خ ن)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے سرکاری ملازمتوں میں شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں 19 افسران کی بھرتی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے اور اس عمل میں کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا گیا ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے روزِ اول سے واضح کر رکھا ہے کہ سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی اور نوجوانوں کو ان کا حق صرف میرٹ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ اسی پالیسی کے تحت محکمہ تعلیم میں 4,500 اور محکمہ خزانہ میں 111 آسامیوں پر بھی شفاف اور میرٹ پر بھرتیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں 19 افسران کی حالیہ تقرریاں بھی اسی میرٹ پر مبنی پالیسی کا تسلسل ہیں۔ ان بھرتیوں میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے آبائی ضلع سے ایک بھی امیدوار کا کامیاب نہ ہونا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ بھرتی کے عمل میں کسی قسم کی سیاسی یا انتظامی مداخلت نہیں کی گئی۔

شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد نوجوانوں کو محض سرکاری ملازمتیں فراہم کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا شفاف نظام قائم کرنا ہے جس میں ہر نوجوان کو اپنی قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا یکساں موقع حاصل ہو۔ میرٹ پر ہونے والی بھرتیاں اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بھی بحال کریں گی۔

معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں سفارش اور اقربا پروری کے تاثر نے نوجوانوں میں مایوسی پیدا کی، تاہم موجودہ حکومت اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ سرکاری ملازمت کسی فرد یا خاندان کی جاگیر نہیں بلکہ اہل اور حقدار نوجوانوں کا حق ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی جیسے اہم ادارے میں اہل اور قابل افسران کی شفاف طریقے سے تعیناتی صوبے کی معاشی اور انتظامی بہتری کے لیے بھی اہم ہے۔

میرٹ پر بھرتی ہونے والے نوجوان افسران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کی ترقی، محصولات میں بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات میں مؤثر کردار ادا کریں گے شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان میرٹوکریسی، شفافیت اور گڈ گورننس کے اصولوں پر کاربند ہے اور آئندہ بھی سرکاری بھرتیوں میں میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں اور حکومت انہیں باعزت روزگار، ترقی کے مساوی مواقع اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی ہی ایک مضبوط، شفاف اور باصلاحیت بلوچستان کی بنیاد ہے، اور حکومت اس اصول پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.