کوئٹہ(ویب نیوز)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سریاب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 25 پٹرول پمپس سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی اور شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں 16 افراد کو موقع پر گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسپیشل مجسٹریٹ سریاب عزت اللہ نے سریاب روڈ اور گردونواح کے علاقوں میں چھاپے مار کر غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے پٹرول پمپس کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران خطرناک اور غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کرنے والے 25 پوائنٹس کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔اس موقع پر اسپیشل مجسٹریٹ سریاب میر عزت اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہر بھر میں عوام کی جان و مال سے کھیلنے والے اس غیر قانونی دھندے اور مافیا کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔