اسلام آباد/کراچی(ویب نیوز)صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کا رشتہ کرنے یورپی ملک لیختن شٹائن پہنچنے کی خبریں سامنے آئی ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کی بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ مقرر کرنے لیختن شٹائن پہنچے ہیں، آصف علی زرداری کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لڑکی کا تعلق لیختن شٹائن کے دارالحکومت وادوز سے ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تقریب رواں سال کے آخر میں متوقع ہے۔لیختن شٹائن مغربی یورپ میں سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹا اور خوبصورت خود مختار ملک ہے جس کا دارالحکومت وادوز ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کررہی ہیں، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو کی منگنی یا شادی ہونے کی تردید کردی۔
اپنے بیان میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایسی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ بلاول بھٹو نے کسی غیر ملکی لڑکی سے شادی کی ہے۔
میڈیار پورٹ کیمطابق صارفین نے مرتضیٰ بھٹو، شاہ نواز بھٹو اور فاطمہ بھٹو کی غیرملکی افراد سے شادی سے سلسلے جوڑ دیے تھے۔سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوتے ہی مبارکبادوں کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا تھا تاہم اب اسکی تردید کردی گئی ہے۔