بشکیک(اے ایف بی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے۔’
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤ ں کے درمیان ملاقات بشکیک میں ایس سی او کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیرخارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات کی، ملاقات ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ازبک وزیرخارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا اور پاک ازبک تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بیلاروس کے وزیر خارجہ کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔