اسلام آباد( اے ایف بی) و وزیر پیٹرولیم علی پرویزملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان عوام کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اچھی خبر ملے گی، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے مختلف ممالک سے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سعودی عرب سے بھی اچھی خبر آئے گی جبکہ ترکیہ سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ انہوں نے عمان کی جانب سے ملنے والی سہولت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمان پہلے ہی 200 ملین ڈالر کے ادھار پر پاکستان کو پیٹرول فراہم کرنے پر رضامند ہو چکا ہے۔
علی پرویز کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عالمی سطح پر مختلف ذرائع سے پیٹرولیم مصنوعات کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔
اچھی خبر آئے گی آپ بے فکر رہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قیمتوں کے حوالے سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران خطے کی صورتحال کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے شدید چیلنجز سامنے آئے تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی بحران کے دوران توانائی کی عالمی منڈیوں میں دستیابی کے مسائل پیدا ہوئے کیونکہ متعدد ممالک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے درآمدات اور مختلف ذرائع پر انحصار کرتے ہیں، سپلائی میں رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں اضافے نے دنیا بھر میں حکومتوں، عوام اور کاروباری شعبے کے بجٹ کو متاثر کیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے تقریبا 130 ارب روپے اپنے وسائل سیاستعمال کیے تاکہ عوام کو موجودہ مشکل صورتحال میں سہارا فراہم کیا جا سکے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کمزور طبقات کو بھی سپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔