حب(ویب نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ساؤتھ بلوچستان محمد زمان خان نے کہا ہے کہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ساوتھ کے عملے نے گڈانی کے ساحل پرایک بڑی کارروائی کے دوران ایک ٹن سے زائد آئس برآمدکرلی جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 74روپے بنتی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ساحلی علاقے گڈانی میں زیر زمین چھپائی گئی ایک ٹن سے زائد (1013 کلو گرام) آئس برآمد کرلی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت74.19ارب روپے ہے جو سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ محمد زمان خان نے کہا کہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ٹیم نے اس بڑی کاروائی سے ڈرگ مافیا کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی اسی طرح وزیر اعلی بلوچستان کے مشن ڈرگ فری بلوچستان اور ڈرگ فری پاکستان کے تحت منشیات کے خلاف کاروائیاں جارہی رہینگی۔
ڈی جی ایکسائز ساوتھ بلوچستان محمد زمان خان نے کہا کہ ایکسائز نے ماضی میں بھی اسی طرح کی کاروائیاں کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی غیرملکی شراب اور بئیرز پکڑے ہیں اور ملکی معیشیت کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوارن ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹیکس بلوچستان کے عملے نے 1638کلو گرام آئس، 620کلو گرام چرس اور27543بوتلیں غیر ملکی شراب اور بیئر کی برآمد کیں جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 133.56ارب روپے بنتی ہے۔