کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے کوئٹہ شہر کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے شہر کے مختلف حساس اور اہم علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سپنی روڈ، ویسٹرن بائی پاس، جبل نور، ہزارہ ٹان، اختر آباد، شاہوانی ایونیو، کچی بیگ، سریاب روڈ، جناح روڈ، شاہراہ اقبال، میزان چوک، مشن روڈ اور سرکلر روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں اور علاقوں کا معائنہ کیا گیا۔
ان مقامات پر سیکیورٹی چیک پوسٹس، ناکہ بندیوں، داخلی و خارجی راستوں، گشت کے نظام اور حساس تنصیبات کی حفاظت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)نے مختلف مقامات پر تعینات ایف سی اہلکاروں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے ملاقاتیں بھی کیں اور انہیں سیکیورٹی مزید سخت اور مثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے شہر میں داخلی راستوں پر نگرانی بڑھانے، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات، تجارتی مراکز، مذہبی مقامات اور اہم سرکاری تنصیبات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مثر انداز میں نمٹا جا سکے دورے کے دوران بریفنگ میں حکام نے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)کو شہر میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جاری آپریشنز، انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات اور ہنگامی ردعمل کے نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔
اس موقع پر شہریوں کے تحفظ کیلئے مربوط حکمت عملی، مشترکہ گشت اور جدید نگرانی نظام کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور چوکسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے ایف سی، پولیس اور دیگر اداروں کی قربانیاں قابل قدر ہیں اور سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں حکام کے مطابق کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے، حساس مقامات پر نفری بڑھانے اور نگرانی کے نظام کو مزید مثر بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں اور امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
