کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معرکہ حق کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم اور یادگار دن ہے جب ملک نے اپنی عسکری قوت، قومی خودداری اور غیر متزلزل عزم کا لوہا پوری دنیا میں منوایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن صرف ایک عسکری کامیابی کی یاد نہیں بلکہ قومی وحدت، قیادت کے درست فیصلوں اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا روشن باب بھی ہے وزیراعلی بلوچستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق اس حقیقت کی واضح علامت ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار ریاست ہے جو اپنے دفاع، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی وطن عزیز کو کسی بیرونی خطرے یا جارحیت کا سامنا ہوا، پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے اتحاد، عزم اور بہادری کے ساتھ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

میر سرفراز بگٹی نے اس عظیم دن کے موقع پر افواج پاکستان، قومی سیاسی قیادت اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جراتمندانہ قیادت اور بروقت فیصلوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے طاقت کے غرور میں مبتلا دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام معرکہ حق کے دن کو یوم فخر کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ یہ دن پاکستان کے تحفظ، سلامتی اور استحکام سے وابستہ قومی عزم کی تجدید کی علامت ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع، قومی سلامتی اور استحکام کے لیے صف اول میں کردار ادا کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی ہر چیلنج میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کے سامنے افواج پاکستان اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان سے محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کے جذبے میں کسی قسم کی کمزوری نہیں آنے دی جائے گی وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر ملکی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے اور بلوچستان کے عوام اس قومی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہیں انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ معرکہ حق ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ اتحاد، قربانی، قومی یکجہتی اور مضبوط قیادت ہی قوموں کو مشکلات سے نکال کر کامیابی کی منزل تک پہنچاتی ہے، اور پاکستانی قوم ہمیشہ انہی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے وطن عزیز کے روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *