اسلام آباد،کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چودھری نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ پر ایک اور کارگو جہاز کی کامیابی سے لنگر انداز ہونا خطے میں اس بندرگاہ کے بڑھتے ہوئے فعال کردار کی واضح علامت ہے۔

اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق، مال بردار جہاز “ایم وی یوان ہانگ ویئے” 11 مئی 2026 کو صبح 10 بج کر 15 منٹ پر گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔

وفاقی وزیر نے اس پیشرفت کو بین الاقوامی بحری تجارت کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق، اس جہاز پر قریبا 34 ہزار ٹن وزنی سامان اور 20 ہزار کے قریب مختلف اشیا موجود ہیں، جنہیں ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں کے تحت بندرگاہ پر اتارا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس جہاز پر لدا ہوا سامان ابو ظہبی اور کویت کے لیے ہے، جسے گوادر بندرگاہ کے ذریعے منزل مقصود تک منتقل کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد مزید بڑھے اور زیادہ سے زیادہ عالمی ٹریفک کو گوادر کی جانب متوجہ کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *