مستونگ(کرائم رپورٹر )لکپاس کے قریب کسٹم کے گودام میں لگنے والی ہولناک آگ پر 22 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق گزشتہ روز صبح 10 بجے لگنے والی اس آگ نے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس میں موجود 100 سے زائد گاڑیاں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی ہیں۔
گودام میں ایل پی جی سلینڈرز، ایندھن، کیمیکل، خشک میوے، کپڑے اور ٹائرز جیسے آتش گیر مادے کی موجودگی نے آگ کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ڈی سی مستونگ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے باعث ایل پی جی بازرز اور گیس سلینڈرز میں متعدد دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 35 افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس وقت 10 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق آگ کی شدت میں معمولی کمی آنے پر رات کے وقت کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، تاہم گودام کے اندر لگی آگ کو مکمل طور پر بجھانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔
