کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کی کال پر کوئٹہ کے صحافیوں نے میڈیا دفاتر کی بندش اور میڈیا ورکرز کی بڑے پیمانے پر برطرفیوں کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ کیا اور اسمبلی گیٹ پر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔

صدر بی یو جے منظور احمد رند کی قیادت میں ہونے والے اس مظاہرے میں صحافیوں نے “سنو نیوز” سمیت دیگر چینلز کے بیورو دفاتر بند کرنے اور صحافیوں کو بے روزگار کرنے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ کوئٹہ میں بند کیے گئے تمام ٹی وی چینلز کے دفاتر فوری بحال کیے جائیں اور نکالے گئے ورکرز کو ملازمتوں پر واپس لیا جائے۔صحافیوں کے احتجاج کے باعث اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی ہدایت پر صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی علی مدد جتک، رحمت صالح بلوچ اور فرح عظیم شاہ پر مشتمل وفد نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

وفد نے صحافیوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ٹی وی چینلز کی بندش اور صحافیوں کو بے روزگار کرنے کا معاملہ نہ صرف بلوچستان اسمبلی کے فلور پر اٹھایا جائے گا بلکہ اسے قومی اسمبلی اور سینیٹ تک بھی لے جایا جائے گا۔

اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ پوری سیاسی قیادت صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی مذمت کرتی ہے۔ حکومتی وفد کی جانب سے ٹھوس یقین دہانیوں کے بعد صحافیوں نے اپنا احتجاج اور اسمبلی کوریج کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *