کوئٹہ(کورٹ رپورٹر )بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس جناب نجم الدین مینگل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بلوچستان اسمبلی کی عمارت گرانے کے خلاف امان اللہ کنرانی ایڈوکیٹ کی آئینی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل عدنان بشارت اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شیک بلوچ عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکاری وکلا نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی۔
عدالت عالیہ نے حکومت کی استدعا منظور کرتے ہوئے گزشتہ پیشی (4 مئی)کو جاری کیے گئے حکمِ امتناعی میں توسیع کر دی اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔
عدالت نے واضح ہدایت کی کہ اسمبلی کی عمارت گرانے سے متعلق ٹینڈر پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی اور یہ عمل بدستور معطل رہے گا۔
