کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)کوئٹہ: حکومت بلوچستان، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) نے وفاقی آئینی عدالت (Federal Constitutional Court) کے فیصلے کی روشنی میں دورانِ ملازمت وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں اور بیواں کے کوٹے پر تقرریاں بحال کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
انڈر سیکریٹری ریگولیشن عبدالبارئی کاسی کی جانب سے صوبے کے تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ارسال کیے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی سختی سے تعمیل کریں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، وفاقی آئینی عدالت نے اپنے حالیہ فیصلے میں واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کا رول 11-A کو ختم کرنے کا فیصلہ مستقبل کے لیے ہے اور اس کا اطلاق ان کیسز پر نہیں ہوگا جہاں حق پہلے ہی پیدا ہو چکا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملازم کی وفات کے وقت ہی اس کے اہل خانہ کا حق پیدا ہو جاتا ہے، جبکہ درخواست کی پروسیسنگ اور تقرر نامے کا اجرا محض انتظامی کارروائی ہے۔ اس فیصلے کی روشنی میں محکمہ قانون کی رائے کے بعد تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ایسے کیسز جو 18 اکتوبر 2024 سے پہلے پراسیس یا فائنل ہو چکے تھے لیکن ان کے آرڈرز جاری نہیں ہو سکے تھے، انہیں تمام قانونی ضابطے پورے کرنے کے بعد فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
اس فیصلے سے بلوچستان کے ان سینکڑوں متاثرہ خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو طویل عرصے سے تقرر ناموں کے منتظر تھے۔
