مستونگ(کرائم رپورٹر )بلوچستان کے علاقے مستونگ اور کھڈکوچہ کے درمیان مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد سمیت چار افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

خاندانی اور یونیورسٹی ذرائع کے مطابق دونوں اعلی عہدیداران گزشتہ روز گوادر سے سرکاری امور کے سلسلے میں اپنی گاڑی میں کوئٹہ جا رہے تھے کہ کھڈکوچہ کے قریب کنڈ عمرانی بدرنگ کے مقام پر ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

اغوا ہونے والوں میں وائس چانسلر کا پرسنل سیکرٹری اور ڈرائیور بھی شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق شام کے وقت مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے متعدد گاڑیوں کو تلاشی کے لیے روکا اور مذکورہ چاروں افراد کو ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

تعلیمی حلقوں، اساتذہ اور طلبہ نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبے کے تعلیمی نظام کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ پروفیسرز اور ان کے ساتھیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جلد مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *